Ishq ka Ain ( عشق کا عین ) by Aleem Ul Haq Haqi - PDF

( عشق کا عین ) by Aleem Ul Haq Haqi - PDF Download

 

جب یہ ناول شروع کیا تو ذہن میں یہی بات تھی کہ یہ بہت پرانا ناول ہے۔ اور یقیناً زرا بور سا ہو گا۔ گھسی پٹی باتیں ہوں گی۔ مگر حیرت انگیز طور پر پہلے کچھ صفحات میں ہی اتنی خوبصورت باتیں ہیں کہ کتاب میں دل لگ گیا ہے۔ الہی بخش کے باپ کی لمبی لمبی فلسفہ کی باتیں بور کرنے کی بجائے مسکرانے پر مجبور کر رہی تھیں۔

مزدوروں کی آپس میں محبت اور شہر کراچی کی رونق کو اتنی خوبصورتی سے بیان کیا گیا ہے کہ میں نے کبھی کسی شہر کی تعریف یوں لکھی گئی نہیں پڑھی۔ الہٰی بخش کی پہلی لڑائی سے لے کر، پیشانی کے زخم، کراچی کا سفر، رنگ سازی کے دن، ڈرائیوری، عشقِ مجازی، ایبٹ آباد واپسی، شادی، بچے، عشقِ حقیقی اور پھر موت تک کے واقعات اتنے خوبصورت تھے کہ ایک نشست میں پڑھ لیا ناول۔

اس ناول کو پڑھ کر بہت سے سوالات کے جواب ملے۔ دماغ کی بہت سی گرہیں کھلیں۔

عشق کا عین اتنا خوبصورت ناول ہے کہ میں اس کے ختم ہونے پر کتنی دیر ہاتھ میں پکڑ کر بیٹھی رہی اور سوچتی وہی کہ کیسا کمال لکھاری تھا۔
کتاب کے کور سے یہ انتہائی روایتی سی کہانی لگ رہی تھی مگر درحقیقت یہ کہانی بہت بہت انوکھی ہے۔

سادات کے بارے میں جو لکھا گیا وہ حیران کن تھا۔ آج کے دور میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو صرف آپ صل اللہ علیہ والہ وسلم کی خاطر ان کی اولاد کی عزت کرتے ہیں۔ اور یقیناً، یقیناً ایسے لوگ اللہ کے ہاں بہت خاص ہوں گے۔ انشاءاللہ.......

آخر پر مزار کے بارے میں جو کہا گیا وہ بھی لائقِ تحسین ہے۔ الٰہی بخش چاہتا تو اس کی اولاد ساری زندگی بیٹھ کر کھا سکتی تھی۔ مریدوں کی عقیدت انہیں آسمان پر پہنچا دیتی۔ مگر اس نے اللہ کے احکام کو بجا لاتے ہوئے دنیاوی فائدے کی بجائے اخروی فائدے کے لیے کام کیا۔

الٰہی بخش کی سادی کا آخری خط رلا دینے کے لیے بہت تھا۔ ایسی بھی ہوتی ہیں محبتیں، ایسی بھی ہوتی ہیں عقیدتیں۔
ایسے ہوتے ہیں ناول، ایسے ہوتے ہیں لکھنے کے انداز۔




Post a Comment (0)
Previous Post Next Post