**محبت من محرم**
**سمیرا حمید**
**درجہ بندی:✨✨✨✨**
کہانی کی شروعات عدن کی زندگی سے ہوتی ہے جہاں اس نے اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے دماغی سکون کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ ہمیشہ سے سنا ہے کہ اگر زندگی کا ساتھی اچھا ہو تو زندگی سکون سے گزرتی ہے، ورنہ زندگی عدن جیسی ہو جاتی ہے۔ کہانی پڑھ کر اس کا اندازہ ہوا۔
عدن کی زندگی میں مشکلات بڑھتی گئیں اور انہی مشکلات کے دوران افق سے ہمارا تعارف ہوتا ہے۔ افق ایک محنتی لڑکی ہے جس کی دنیا بہت محدود ہے۔ افق کی زندگی کا واحد مقصد عزت کے ساتھ روزی روٹی کمانا تھا۔ کچھ لوگوں کے گولز اتنے ہی محدود ہوتے ہیں، اور کچھ کو زندگی سے صرف یہی چاہیے ہوتا ہے۔ افق بھی انہی میں سے ایک ہے۔
لیکن ایک دن ایک غلط نمبر سے آنے والی کال نے اس کی زندگی کا محور بدل دیا۔ پہلے بہت سے خواب دکھائے اور پھر خالی ہاتھ چھوڑ دیا۔ اب وہ کال کرنے والا کون تھا؟ کہانی میں کس پر کس طرح اثر انداز ہوا؟ یہ جاننے کے لئے آپ کو کتاب پڑھنی پڑے گی۔
کہانی میں فرزام بھی ہے جو پوری کہانی کی جان ہے۔ وہ خود مشکلات سے گزرا لیکن پڑھنے والوں کے لئے اس نے بھرپور لطف فراہم کیا۔ فرزام جیسے لوگ مجھے بہت پسند ہیں جو مشکلات کو ہنستے کھیلتے گزار لیتے ہیں اور بالآخر اپنا اچھا وقت حاصل کر لیتے ہیں۔
عدن، افق، اور فرزام کی زندگیاں آپس میں کیسے جڑی ہوئی ہیں؟ یہ کہانی کا دلچسپ حصہ ہے جسے میں بتا کر آپ کے لئے سپوئل نہیں کرنا چاہتی۔ افق اور اس کے ہیرو کی کہانی بہت کیوٹ ہے۔ یہ دونوں ہی زندگی میں بہت کچھ برداشت کرنے کے بعد ایک دوسرے سے ملے، ساتھ خوابوں کی تعبیر حاصل کی، اور ان کے اختتام نے دل خوش کر دیا۔ اب ہیرو کون ہے؟ یہ بھی پڑھ کر معلوم کرنے والی بات ہے۔
سمیرا حمید سے میرا یہ پہلا تعارف تھا اور ان کا لکھنے کا انداز مجھے بہت پسند آیا۔ یہ ناول مجھے پسند آیا اور میں آپ کو اسے پڑھنے کی تجویز دوں گی۔ انشاءاللہ یہ کہانی آپ کو بھی پسند آئے گی۔