غارُِ حرا میں ایک رات ( سفرنامہ)
"کسی کتاب کو پڑھنا ایک سفر پر جانے جیسا ہوتا ہے، اور ایک ہی راستے کے مسافر چونکہ مختلف تجربات و واقعات سے گزرتے ہیں تو سب کا سفر بھی مختلف ہوتا ہے۔ تو آئیے، میرے ساتھ آج ہم 'غار حرا میں ایک رات' از 'مستنصر حسین تارڑ' کے 'میرے' سفر پر چلتے ہیں۔
کتاب کی شروعات نے مجھے بہت متاثر کیا۔ مستنصر صاحب ایک بہترین قصہ گو ہیں، اس میں کوئی شک نہیں۔ جب وہ آپ کو اپنے ساتھ مکہ کے ایک غیر معمولی سفر پر لے کر چلتے ہیں تو آپ اش اش کر اٹھتے ہیں۔ اس سفر میں آپ کو کچھ نایاب مقامات کے بارے میں پتہ چلتا ہے اور تاریخ کے کچھ پنے پلٹتے ہیں، جن سے معلومات میں گراں قدر اضافہ ہوتا ہے۔ سو صفحات پورے ہونے سے پہلے ہی میں نے کتاب کو پانچ ستارے دے دیے۔
"dragging and repetition"لیکن جب ہمارا مسافر غار حرا میں پہنچتا ہے تو اس کے بعد کی کتاب کو دو لفظوں میں بیان کروں تو وہ ہیں "dragging" اور ۔
گو کہ اپنی قصہ گوئی کے فن کو بروئے کار لا کر وہ اس رات کے احوال کو دلچسپ بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس میں کافی حد تک کامیاب بھی ہوتے ہیں، لیکن بار بار ایک ہی بات کی جائے تو اس کا لطف ختم ہو جاتا ہے اور بعض جگہ تو ایسا لگتا ہے کہ بات الاسٹک کی طرح کھینچی جا رہی ہے۔ تو بس میں نے جیسے تیسے اس کتاب کو ختم کیا کیونکہ میری ایک عجیب عادت ہے کہ ایک بار کتاب شروع کر لوں تو اسے ختم ضرور کرتی ہوں۔
ایک چیز البتہ مجھے بہت اچھی لگی کہ جذبات کی ملمع کاری نہیں کی گئی۔ ہر ایک جذبے اور کیفیت کو ایمانداری سے بیان کیا گیا ہے اور جتنا میں نے تارڑ صاحب کو پڑھا ہے، وہ منافقت نہیں کرتے۔ جو ہے سو ہے، اور یہ چیز ان کی تحریر میں نمایاں نظر آتی ہے۔
ایک اور بات ہے جو معلوم نہیں مجھے کرنی چاہیے یا نہیں لیکن کر دیتی ہوں (کہ میں نے یہ طے کیا ہے کہ میں کتابوں کے بارے میں وہی بیان کروں گی جو میرے محسوسات ہوں گے اور اس بات کی فکر نہیں کروں گی کہ دوسرے مجھے بے وقوف یا کم عقل سمجھیں یا لوگوں کی اختلاف رائے سے ڈر کر کچھ اور بیان کروں)۔ مجھے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے 'بابا' اور 'صاحب' جیسے الفاظ مناسب نہیں لگے۔
ایک اہم بات یہ کہ یہ کتاب 'منہ ول کعبہ شریف' کا تسلسل ہے اور اگر آپ یہ کتاب پڑھنا چاہتے ہیں تو پہلے 'منہ ول کعبہ شریف' پڑھیے گا۔ مجھے اس بات کا ادراک قدرے تاخیر سے ہوا۔
یہ کتاب عمومی طور پر ایک دلچسپ تجربہ ہے, مستنصر حسین تارڑ کی قصہ گوئی اور ایمانداری اہم ہیں، اور ان کی تحریر کے یہ پہلو قارئین کو ضرور متاثر کریں گے۔