Aangan by Khadija Mastoor - pdf download

Aangan by Khadija Mastoor

 
خدیجہ مستور نے چون سال کے عرصے میں کئی افسانے اور دو ناول لکھے، لیکن ان کے تمام کاموں میں سب سے نمایاں 'آنگن' ناول رہا۔ بعد ازاں اس ناول کا کئی زبانوں میں ترجمہ بھی ہوا۔

'آنگن' ناول رومانیت، سیاست، مادیت پرستی، شخصی اور اقتصادی بحران جیسے نمایاں موضوعات پر مبنی ہے۔ یہ ناول تقسیم ہند سے پہلے کے سیاسی، سماجی اور گھریلو مسائل کا بہترین نقشہ کھینچتا ہے۔ انگریز کی حکومت کا زوال اور برصغیر میں بسنے والی مختلف قوموں کی سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اس کہانی کی بنیاد ہے۔

ناول میں موجود تمام مردوں کے کرداروں کی سیاسی معاملات میں غیر معمولی دلچسپی گھر کے حالات پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔ خلافت کی تحریک سے لے کر پاکستان کی آزادی تک مسلمانوں کی سیاسی کاوشوں کو مصنفہ نے بے کار ثابت کرنے اور منفی انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

بڑے چچا اور ان کے بیٹے جمیل کے رشتے میں سرد مہری کی بڑی وجہ سیاسی اختلافات ہیں جو اس دور کے مسلمانوں کے سیاسی نظریات کی شدت کو نمایاں کرتی ہے۔ بڑے چچا کا کردار کئی لحاظ سے مثالی ہے، لیکن مصنفہ ان کی توصیف میں کچھ بیان کرنے سے قاصر رہی ہیں۔

ناول کی مجموعی فضا رومانیت اور اداسی سے چھائی ہوئی ہے۔ جمیل، عالیہ اور چھمی کی لو ٹرائینگل میں عالیہ کا کردار شروع سے لے کر آخر تک کشمکش اور خدشات کا شکار رہا ہے۔ جمیل کا کردار کہانی کے ہیرو والی خوبیوں سے عاری ہے؛ وہ نفسی خواہشات سے مجبور ایک عام سا لڑکا ہے، جو کہیں بہت حساس اور کہیں بے حس معلوم ہوتا ہے۔ کہانی کے تمام کردار اپنی جگہ بے بس اور لاچار ہیں، لیکن اسرار میاں کی مفلوک الحالی دل کو رلا دیتی ہے۔ 

کہانی کے تمام کرداروں کا اختتام ٹریجک ہے، سوائے چھمی اور جمیل کے۔ چھمی کا کردار آغاز میں دلچسپ ہے، لیکن آخر تک وہ ایک روایتی اور عام سی عورت کا روپ دھار لیتی ہے۔ کریمن بوا اور عالیہ کی ماں غلام طبقے اور اس کی ذہنیت کا آئینہ پیش کرتی ہیں۔ عالیہ کی ماں کی مادیت پرستی اور کریمن بوا کی فرسودہ سوچ غلام ذہن کی سب سے بڑی نشانی ہیں۔

ناول کی نثر سادہ اور عام فہم ہے، لیکن مصنفہ کا بغیر الجھاؤ کے ماضی سے حال میں غوطہ لگانے کا انداز قابل داد ہے۔ ناول میں موجود مکالمے بھی نہایت پھسپھسے ہیں، اور منظر نگاری کے نام پر بیشتر جگہ صرف موسم کا حال بیان کیا گیا ہے۔

'آنگن' ایک عمدہ اور جامع ناول ہے جو قاری کو ماضی کے پیچیدہ دور میں لے جاتا ہے اور معاشرتی مسائل کو گہرائی سے سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔



Post a Comment (0)
Previous Post Next Post